82

ایران کی خلیجی ممالک سے دنیا کو تیل کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی

تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا باز نہ آیا تو دنیا کو خلیجی ممالک سے پٹرول کی سپلائی کو بند کردیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے صوبے سمنان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اچھی طرح جان لے اگر ایران سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تو خلیجی ممالک سے دنیا کو پٹرول کی سپلائی ممکن نہیں رہے گی۔

ایرانی صدر نے امریکا کو متنبہ کیا کہ اتحادی ممالک کو ایران سے تیل خریدنے سے روکنے کی کوششوں سے باز آجائے ورنہ خلیج فارس سے پٹرول کی کوئی بھی سپلائی نہیں کی جا سکے گی، امریکا ایران کو تباہ کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔

حسن روحانی نے عالمی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں پر ایران کی معیشت کی صورت حال کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، ایرانی معیشت مستحکم ہے اور کوئی بحرانی کیفیت نہیں۔

ایرانی صدرنے اس سے قبل رواں برس جولائی میں بھی سوئٹزرلینڈ کے دورے کے دوران دنیا کو پٹرول کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی تھی تاہم اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکا ایران پر دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے جوہری توانائی کے عالمی معاہدے سے دستبردار ہوگیا تھا اور ایران پر معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں تاہم دیگر عالمی قوتوں نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو برقرار رکھا تھا۔