کوہاٹ؍کابل۔افغانستان میں امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زادنے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں جلدامن قائم کرنے کا خواہاں ہے،گزشتہ چالیس سال سے جنگ زدہ افغان عوام امن کے مستحق ہیں،ہم چاہتے ہیں افغانستان میں جلدازجلد امن قائم ہواور یہ امریکہ کی حقیقت پسندانہ خواہش ہے۔ ایک انٹرویو میں اْنہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ افغان مسئلہ کاحل جنگ نہیں۔افغان حکومت بھی سیاسی حل چاہتی ہے جبکہ امریکہ بھی افغان جنگ کاسیاسی‘ دیرپا اورپرامن حل چاہتا ہے۔
امریکہ افغانستان میں بین الاقوامی فوج کی قیادت کررہا ہے۔خلیل زاد نے توقع ظاہرکی کہ آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ہی طالبان اور حکومت کے مابین امن معاہدہ ہوجائے گا۔اْنہوں نے کہا کہ طالبان کا بنیادی اوراہم مطالبہ افغانستان سے غیرملکی افواج کی واپسی ہے۔
زلمے خلیل زاد نے مزید کہا ہے کہ امریکہ چاہتا ہے کہ افغانستان خودمختار ہو اور یہاں کوئی غیرملکی فوج نہ ہو۔اْنہوں نے پاکستان پربھی زوردیا کہ وہ افغانستان میں امن عمل کی کامیابی کے لئے اپنا مثبت کردار اداکرے۔