105

امریکی سینیٹ کی یمن جنگ میں سعودی عرب کی امداد ختم کرنے کی حمایت

واشنگٹن: امریکی سینیٹرز نے یمن جنگ میں سعودی اتحاد کی حمایت ختم کرنے کیلئے ایوان میں قرارداد لانے کی حمایت کردی۔

یمن جنگ میں سعودی عرب کی امداد روکنے کے حوالے سے قرارداد پیش کرنے اور اس پر بحث کیلئے امریکی سینیٹ میں ووٹنگ ہوئی۔ 63 سینیٹرز نے بحث کے حق میں جبکہ 37 نے مخالفت میں ووٹ کاسٹ کیا۔

اب اس حوالے سے سینیٹ میں ایک حتمی قرارداد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے اگر کانگریس نے یمن جنگ کی حمایت ختم کرنے کی حتمی قرارداد منظور کی تو وہ اسے ویٹو کردیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد لانے کیلئے یہ مناسب وقت نہیں، کیونکہ اس سے خطے میں ہماری امن کی کوششیں متاثر ہوں گی، جبکہ حوثی باغیوں اور ایرانیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

ترکی میں سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے امریکا سمیت دنیا بھر میں سعودی حکومت اور ولی عہد محمد بن سلمان کی مخالفت میں شدید اضافہ ہوا ہے اور امریکا پر سعودی عرب کی غیر مشروط حمایت سے دستبردار ہونے کے لیے کافی دباؤ ہے۔

دوسری طرف ٹرمپ انتظامیہ نے دو ٹوک الفاظ میں موجودہ سعودی حکومت کی حمایت سے دست بردار ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار ولی عہد محمد بن سلمان کو قرار نہیں دیا جاسکتا۔