103

ہاکی ورلڈ کپ کے 14 ویں ایڈیشن کا آج سے بھارت میں آغاز

بھارت کا شہر بھونیشور آج سے  16 ٹیموں کے ہاکی ورلڈ کپ کے 14ویں ایڈیشن کی میزبانی کرنے جارہا ہے۔

ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز یعنی 28 نومبر کو دو میچ کھیلے جائیں گے، جہاں گروپ 'سی' میں میزبان بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقا جبکہ بیلجیئم کا مقابلہ کینیڈا کی ٹیم سے ہوگا۔ ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا فائنل 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

بھونیشور کے کالینگا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 14ویں ہاکی ورلڈ کپ میں شریک 16 ٹیموں کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ کی سر فہرست ٹیم براہ راست کوارٹر فائنل کھیلنے کی اہل ہوگی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں دوسرے راؤنڈ میں مد مقابل ہوں گی۔

ہاکی ورلڈ کپ گروپ 'اے' ارجنٹائن، نیوزی لینڈ، اسپین اور فرانس کی ٹیموں پر مشتمل ہے. گروپ 'بی' میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ، آئر لینڈ اور چین کی ٹیمیں ہیں۔ گروپ 'سی' میں میزبان بھارت، بیلجیئم، جنوبی افریقا اور کینیڈا شامل ہیں۔ جبکہ گروپ 'ڈی' میں پاکستان، جرمنی، ہالینڈ اور ملائیشیا کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کے گروپ 'ڈی' میں جرمنی، ہالینڈ اور ملائیشیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی،5 دسمبر کو گرین شرٹس ملائیشیا کے مد مقابل ہوگی، جبکہ 9 دسمبر کو پاکستان اپنا آخری گروپ میچ ہالینڈ سے کھیلے گا۔

رضوان سینئیر کی قیادت میں کھیلنے والے 18 رکنی اسکواڈ میں عماد شکیل بٹ (نائب کپتان)، عمران بٹ، مظہر عباس (گول کیپر)، محمد عرفان سینئر، علیم بلال، مدثر علی، توثیق ارشد، تصور عباس، راشد محمود، ایاز احمد، محمد عرفان جونئیر، علی شاہ، فیصل قادر، ابو بکر محمود، عمر بھٹہ، محمد عتیق ارشد اور محمد زبیر شامل ہیں۔

ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کی تجویز پاکستان کے ایئر مارشل نور خان مرحوم نے دی تھی۔ ہاکی کی تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ 1971ء میں اسپین کے شہر بارسلونا میں منعقد ہوا، جس کے فائنل میں پاکستان نے اسپین کو 0-1 سے شکست دی۔

پاکستان نے 1978ء میں بیونس آئرس (ارجنٹائن)، 1982ء میں ممبئی (بھارت) اور 1994ء میں سڈنی(آسٹریلیا) میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں ورلڈ چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کے چار بار عالمی اعزاز حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا 3 بار ورلڈ چیمپیئن بن کر دوسرے نمبر پر ہے۔

2014ء میں کھیلے گئے گزشتہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے میزبان ہالینڈ کو فائنل میں ایک کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی تھی۔