150

کینیڈا خیبر پختونخوا میں اربوں ڈالرز سرمایہ کاری کا خواہاں

پشاور۔کینیڈاکے سرمایہ کاروں کے ایک نمائندہ وفد نے پیر کے روز خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات اور معدنی ترقی ڈاکٹر امجد علی سے ان کے دفتر پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد کے ممبران نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان کی کمپنیاں جود نیا کے معروف سائنسدانوں اور جغرافیہ دانوں پر مشتمل ہیں ۔

خیبر پختونخوا میں سونے اور زمرد کی کانوں میں اربوں ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہیں اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری معدنیات و معدنی ترقی خائستہ رحمان ، ڈائریکٹر جنرل مائنز منتظر خان اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکار بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے وفد کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخواسونے ، زمرد اور دیگر قیمتی معدنیات سے بھر پور اور مالا مال ہے۔ جس سے مقامی غیر ہنر مند اور نا تجربہ کار سرمایہ کاروں نے اپنی کم درجے کی سرمایہ کاری سے اربوں روپے کمائے ہیں۔

ہماری حکومت نے قیمتی معدنیات کی کانوں کو 15بلاکس میں تقسیم کردیاہے۔ جن کو دو ماہ کے دوران کھلی نیلامی کے ذریعے سرمایہ کاری کیلئے پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانیں ثابت شدہ معدنیات اور استعداد سے بھر پور اور مالا مال ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت شفافیت اور معاملات کو سدھارنے کے عزم پر قائم ہے اور اس ضمن میں ٹھوس قانون سازی اور اصلاحات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے تمام دنیا کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہاکہ وہ خیبر پختونخوا آئیں اور یہاں کے قیمتی معدنیات کی کانوں سے بھر پور استعفادہ حاصل کریں