سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیاں کے علاقے کپران میں بھارتی فوج کے خصوصی آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ اسی دوران بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک گھر بھی مکمل تباہ ہوگیا۔
وادی کے مختلف اضلاع میں 6 نوجوانوں کی شہادت پر عوام سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ کی جس کی زد میں آکر میں مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، اس سے قبل جمعہ کے روز بھی ضلع اسلام آباد میں فائرنگ کرکے 6 معصوم کشمیریوں کوشہید کردیا گیا تھا، واقعہ کے بعد بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور شدید احتجاج کیا، قابض فوج نے مظاہرین پر بھی فائرنگ اور شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں اب تک 45 کشمیری نوجوان شہید ہوچکے ہیں جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو عالمی برادری سے چھپانے کے لیے محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔