87

سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنیکی سازش ہو رہی ہے ٗ اسفندیارولی

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان نے کراچی میں چین کے قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے اورہنگو میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی اور سی پیک کے منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے ۔

اپنے ایک مذمتی بیان میں اسفندیار ولی خان نے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں جو کبھی مٹ نہیں سکتیں ، انہوں نے ہنگو میں دھماکے میں بے گناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں دھماکوں کے پے در پے بڑھتے ہوئے واقعات دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تاحال دعوؤں سے بڑھ کر کچھ دکھائی نہیں دے رہا جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی گزشتہ چار سال مطالبہ دہراتی آئی ہے کہ دہشت گردی کے ناسور سے قوم کو بچانے کیلئے اے پی ایس کے بعد سامنے آنے والی 20نکاتی متفقہ دستاویز پر من و عن عمل کیا جائے اور اس سلسلے میں مصلحت سے کام نہ لیا جائے ،انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا تاہم بدقسمتی سے مرکزی و صوبائی حکومتوں نے اپنے مفادات کی خاطر اس پر سمجھوتہ کیا۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہدہشت گردی کے خاتمے کیلئے گڈ اور بیڈ طالبان کی تفریق ختم کرنی ہو گی، انہوں نے کہا کہ جو لوگ طالبان کے ڈر اور خوف کی وجہ سے انہیں دفتر دینے کے حق میں تھے وہی آج حکمران بنے بیٹھے ہیں ، انہوں نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملہ سوچی سمجھی سازش ہے اور اس کا مقصد دنیا میں ملک کا تشخص اور امیج تباہ کرنا ہے حکومتیں مصلحت سے کام نہ لیں