61

نواز شریف کا العزیزیہ ریفرنس میں بیان مکمل نہ ہو سکا

اسلام آباد۔سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں بیان مکمل نہ ہو سکا۔ نواز شریف کل (جمعرات)کو اپنا بیان مکمل کروائیں گے۔ منگل کے روز احتساب عدالت کے جج محمد ارشدملک نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت شروع کی تو نواز شریف کے وکیل خوجہ محمد حارث نے استدعا کی کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں تفتیشی افسر محمد کامران پر جرح کر لیتے ہیں جبکہ نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں آخری چار سوالوں کا جواب کل (جمعرات)کو ریکارڈ کروا دیں گے۔

اس پر احتساب عدالت کے جج محمد ارشدملک نے کہا کہ بہتر ہوتا نواز شریف کا العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں342 کا بیان مکمل کر لیتے تو اچھا تھا۔اس پر خواجہ محمد حارث نے یقین دہانی کروائی کہ نواز شریف کل (جمعرات)کو عدالت میں پیش ہوں گے اور اپنا بیان مکمل کروائیں گے۔جبکہ احتساب عدالت کے جج محمد ارشدملک نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے سوالوں کی تعداد 70 سے75رکھیں۔

احتساب عدالت کے جج محمد ارشدملک نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کی جانب سے دو ہفتے کی مہلت دی جاتی تو اس دوران ریفرنسز پر سماعت مکمل کرنا مشکل ہوتا تاہم تین ہفتے میں ٹرائل مکمل کر لیا جائے گا۔