56

میگا منصوبوں کی ادائیگی کی رپورٹ پیش کرنیکا حکم

لاہور۔سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین سمیت میگا منصوبوں سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں 10 دنوں میں پیسوں کی ادائیگی کے حوالے سے فیصلہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ہفتہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں اورنج ٹرین سمیت میگا منصوبوں سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی ۔ کیس کی سماعت کے دوران ٹھیکیدار کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پیسے نہ ملنے کی وجہ سے اورنج لائن پر کام بند ہے، اگر بروقت ادائیگی نہ ہوئی تو منصوبے کی لاگت مزید بڑھ جائے گی ۔

نعیم بخاری نے کہا کہ منصوبہ مکمل کر کے ہی جائیں گے اگر ادائیگی ہوئی تو کام شروع ہوجائے گا،چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیکیداروں کیلئے پیسا خون کی حیثیت رکھتا ہے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ تمام فریقین سے مذاکرات ہو رہے جلد معاملہ حل ہو جائے گا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ 10 دنوں میں پیسوں کی ادائیگی کے حوالے سے فیصلہ کر کے رپورٹ پیش کریں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اپنے مؤقف میں کہا کہ تمام فریقین سے مذاکرات ہو رہے ہیں جلد معاملہ حل ہو جائے گا ۔