85

خیبر پختونخوا گندم سپلائی ٗ بقایاجات میں 40کروڑ کا اضافہ

پشاور ۔ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے گزشتہ تین مالی سالو ں کے دوران خیبر پختونخوا کوسپلائی کی جانے والی گندم کے بقایاجات کی وصولی کے سلسلے میں محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کو ارسال کئے گئے

جوابی خط میں کہا ہے کہ ہمارے پہلے مراسلے میں اصل رقم اور اس پر سود کی رقم واضح ہے اور اس میں حیران کن بات نہیں تھی چونکہ پہلے سود کی رقم 30 جون 2018 ء تک ظاہر کی گئی تھی جس میں اب ایک سہ ماہی کا مزید اضافہ ہو گیا ہے اس طرح یہ رقم مزید بڑھ گئی ہے اور اس میں تقریباً چالیس کروڑ روپے کا اضافہ ہو چکا ہے ا س طرح نئے حساب کے تحت خیبر پختونخوا حکو مت کے ذمہ واجب الادا رقم 17 ارب 89 کروڑ 55 لاکھ23 ہزار روپے ہے جس میں اصل زر 4 ارب 29 کروڑ 42لاکھ 26 ہزار روپے ہے جبکہ سود کی رقم 13 ارب 60 کروڑ 12 لاکھ97 ہزا روپے ہے جس کی ادائیگی کا جلد بندوبست کیا جائے ٗ

اس سے قبل سو د کی رقم13 ارب 21 کروڑ 64 لاکھ 5ہزار روپے تھی ٗ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے صوبائی محکمہ خوراک کو دو ماہ قبل مراسلہ ارسال تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر واجب الادا رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی تو سودکی رقم میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ذرائع نے بتا یا ہے کہ اصل زر سے تین گنا سے زائد رقم سے ظاہر ہو تا ہے کہ نہ تو محکمہ خوراک اور نہ ہی محکمہ خزانہ نے اس مسئلے کو بروقت سنجیدگی سے لیا ہے اور اس طرح اربو ں روپے کا مالی بوجھ سر کاری خزانے پر پڑا ہے ۔