112

تمام بینکوں کو سائبر سکیورٹی نظام بہتر کرنیکی ہدایت

اسلام آباد۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بینکوں کو ہیکرز کے مزید حملوں سے بچا کے لیے اپنے سائبر سیکیورٹی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔کراچی میں 2 روز تک جاری رہنے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت تمام بینک ایف آئی اے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور معلومات کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر کیپٹن محمد شعیب کی سربراہی میں تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم نے مختلف بینکوں کی آئی ٹی کی ٹیم سے ملاقاتیں کیں۔یہ ملاقاتیں بینکوں پر ہونے والے ہیکرز کے حالیہ حملوں کے بعد سامنے آئیں جس کے نتیجے میں مختلف ممالک میں غیر قانونی طور پر رقم منتقل کی گئی تھیں۔تاہم بینکنگ شعبے نے دعوی کیا کہ ہیکرز کے حملوں سے اکانٹ ہولڈرز کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ بینک ایسے کیسز میں انکوائری کے بعد ان کے پیسے انہیں واپس کردے گا۔

ایف آئی اے کی ٹیم کے مطابق حالیہ ہونے والے سائبر حملوں سے سسٹم کی خرابی سامنے آئی ہے، بینکوں کو اپنے آئی ٹی سیکیورٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔اجلاس میں ایس بی پی حکام نے ایف آئی اے کو بتایا کہ تمام بینکوں کو تفصیلی طریقہ کار بتادیا گیا ہے جس کے ذریعے بینک اپنے آئی ٹی نظام کو بہتر بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی نظام کو بہتر بنانے کی ذمہ داری بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سینیئر مینیجمنٹ کی ہوتی ہے، انہیں یقین دہانی کرانی چاہیے ان کے ادارے میں آئی ٹی نظام حقیقی دنیا کے خدشات سے نمٹنے کی صلاحیت کے قابل ہیں۔