108

پشاور میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ٗ درجنوں گرفتار

پشاور۔پشاور میں بجلی چوروں کے خلاف کریک کے ڈاؤن کے دوراں مختلف علاقوں سے 92 افراد گرفتار کر لئے گئے ترجمان ساجد خان کے مطابق پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبد الولی نے پیسکو کے ایس ڈی اوز نوید خان اور خالد خان کے ہمراہ ورسک روڈ، درمنگی، پلوسی، ریگی اور دیگر علاقوں میں بجلی چوروں و کنڈا مافیا کے خلاف کاروائی کی۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نجید اللہ خان نے ایس ڈی او یاسر خان کے ہمراہ ماشو گگر، موسیٰ زئی، باڑہ روڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کاروائیاں کی۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہمایون خان نے ایس ڈی اوز ساجد بہادر اور آصف خان کے ہمراہ چمکنی، باغبانان اور دلہ زاک روڈ پر بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کی۔ کاروائیوں کے دوران92 افراد کوسپلائی لائن سے ڈائریکٹ کنکشن لینے اور بقایاجات کی عدم ادائیگی پر گرفتار کیا گیا۔ جبکہ لاکھوں روپے بقایا جات کی مد میں وصول کیے گئے۔اور بقایاجات ادا نہ کرنے پر 22ٹرانسفارمرز کو اُتار کر بجلی کی سپلائی منقطع کر دی گئی۔

ان افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ بقایاجات کی فوری ادائیگی کریں بصورت دیگر بجلی منقطع رہے گی ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور سپرانٹنڈنٹ انجینئر خیبرطاہر جمال کے مطابق پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی بجلی چوروں اور کنڈا مافیا کے خلاف کاروائیاں زور و شور سے جاری ہیں اور بجلی چوروں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف اپنے موبائل میں "پاکستان سیٹیزن پورٹل" (Pakistan Citizen Portal) ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اس میں بجلی چوری کے بارے میں معلومات فراہم کریں ۔ آپ کی شکایات پر کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔