84

آئی جی تبدیلی کیس‘اعظم سواتی جے آئی ٹی کے روبرو پیش

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے آئی جی اسلام آباد تبدیلی کیس میں جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی اعظم سواتی آئی جی اسلام آباد تبدیلی کیس میں نیب کے پرانے ہیڈ کوارٹرمیں جے آئی ٹی کے روبروپیش ہوئے جہاں انہوں بیان ریکارڈ کرایا اور پھر واپس روانہ ہوگئے۔

سپریم کورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے کے حوالے سے جے آئی ٹی بنائی ہے جس کے سربراہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی ہیں، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو اعظم سواتی کے اثاثوں کی چھان بین کا بھی حکم دے رکھا ہے۔

اس سے قبل وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور اعظم سواتی کے صاحبزادے بھی بیان دے چکے ہیں جبکہ جے آئی ٹی کو 15دن میں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانا ہوگی۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا فون اٹینڈ نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کوعہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔