4

امریکا اپنی شرائط مسلط کرنا چاہتا ہے، مذاکرات میں سنجیدہ نہیں: ایران

ایران نے امریکا پر مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سفارت کاری کیلئے پُرعزم ہے اور اس نے بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کیے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا گزشتہ دو برس سے مذاکرات اور اپنی شرائط مسلط کرنے کے درمیان فرق نہیں کر پا رہا۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکی فریق مذاکرات کے معاملے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا، جبکہ اس کا طرزِ عمل ظاہر کرتا ہے کہ وہ بات چیت کو باہمی مفاہمت کے بجائے اپنی شرائط منوانے کا ذریعہ سمجھتا ہے۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ تہران نے اپنے عوام اور عالمی برادری پر واضح کردیا ہے کہ وہ سفارت کاری کے معاملے میں سنجیدہ اور ثابت قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے کبھی مذاکرات کا راستہ بند نہیں کیا اور سفارتی کوششوں کے ذریعے معاملات آگے بڑھانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

اسماعیل بقائی کے بیان کے مطابق ایران بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کیلئے تیار ہے، تاہم مذاکرات میں فریقین کے درمیان باہمی مفاہمت اور سنجیدگی ضروری ہے۔