98

کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں، شاہد آفریدی

لندن۔پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں، بھارتی میڈیا میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے، میں اپنے وطن سے بہت محبت کرتا ہوں ۔بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری وضاحتی بیان میں شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں، انھیں ان کا حق ضرور ملنا چاہیے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔

کشمیری پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر خوش ہوتے ہیں، انہیں اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑتا ہے۔کشمیر میں انسانیت زندہ رہنی چاہیے، وہاں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ کشمیر کو خامخواہ ایشو بنا دیا گیا ہے ، کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ملایا جائے نہ ہی بھارت کے ساتھ بلکہ ایک الگ آزاد ملک بنا دیا جائے تاکہ وہاں قتل و غارت گری ختم ہو ۔

انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر کو پاکستان کے ساتھ نہ ملایا جائے پاکستان سے تو پہلے ہی چار صوبے نہیں سنبھل رہے ۔کشمیر میں قتل و غارت دیکھ کر دل کو بہت دکھ محسوس ہوتا ہے۔ دنیا میں کہیں بھی کسی سے بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے بے گناہ لوگوں کا قتل ہو تو ہر ذی شعور انسان کو دکھ ہوتا ہے۔