77

صحافیوں کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے ٗ شوکت یوسفزئی

پشاور۔صوبائی وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی اور بہت جلد اے پی این ایس اور سی پی این ای کے ساتھ ملکر کارکن صحافیوں کے مسائل حل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں کی جانب سے اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا سے کارکنوں کو نکالے جانے کے خلاف لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات کی درخواست پر خیبر یونین اف جرنسلٹس نے انیس دن تک جاری رکھے جانے والے احتجاج کو ختم کر دیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی اطلاعات بھی موجود تھے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے اشتہارات کے بقایاجات جلد ادا کردیے جائیں گے انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی میڈیا ہاؤس کے اشتہارات بند نہیں کیے جائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ صحافیوں کے لئے اچھا ماحول بنائے اور حکومت کی طرف سے ان کو جس تعاون کی ضرورت ہو ہم وہ تعاون دینے کے لئے تیار ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ بہت جلد اخبار مالکان کی تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر میڈیا ہاؤس سے صحافیوں کی چھا نٹیوں کو روکنے کے حوالے سے اقدامات کریں گے۔