72

نیب افسران کے میڈیا پر انٹرویو دینے پر پابندی عائد کردی گئی

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تمام ڈی جیز، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران کے میڈیا انٹرویو پر پابندی لگادی ہے۔

 قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تمام ڈی جیز، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران کے میڈیا انٹرویو پر پابندی لگادی ہے جب کہ ڈی جی نیب لاہور کے میڈیا انٹرویو کا ریکارڈ بھی پیمرا سے طلب کرلیا گیا ہے جس کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام معزز اراکین اسمبلی کا احترام کرتے ہیں، اگر میڈیا کو کسی ریفرنس یا مقدمہ کی معلومات درکار ہوں گی تو ترجمان نیب موقف دینے کا مجاز ہوگا جب کہ میڈیا نیب کی جاری تحقیقات کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں شہباز شریف کے خلاف نیب کیسز پر بات کی تھی جس کا چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا تھا۔