75

عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ رائے ونڈ میں شروع

رائے ونڈ۔تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ رائے ونڈ میں شروع ہو گیا ،ٹریفک اور ٹرین کا نظام متاثر ہونے سے تبلیغی کارکنان کو رائے ونڈ پنڈال پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اجتماع بعداز نماز عصر مولانا نذر الرحمان کے بیان سے شروع ہو ا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دعوت و تبلیغ ایک عظیم دعوت کا دوسرا نام ہے جو اپنی ذات کو فنا کرکے امت محمدیہ کو جہنم سے بچانے اور جنت میں لیجانے کی فکر اجاگر کرنا ہے۔

اس محنت کو ہر کلمہ گو تک پہنچانا ہر مسلمان پر فرض ہے اس فکر کی دعوت کیلئے آج مجمع اکھٹا ہوا ہے ۔کلمہ نماز ،روزہ ،حج،زکوۃ کیساتھ ساتھ انسانیت کی بھلائی کا خیر خواہ بننا ہے ،انسانیت کو جہنم سے بچانا ہے ۔قبل ازین جمعرات کی صبح بلوچستان سے اسپیشل ٹرین ہزاروں افراد کو لیکر رائے ونڈ پہنچی ،ریلوئے پولیس نے مسافروں کی حفاظت کیلئے ماسٹر پلان ترتیب دیدیا ،ریلوئے اسٹیشن پر لیڈیز پولیس بھی تعینات ہیں جبکہ پنڈال جانیوالے تمام راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے ۔

اجتماع کے پہلے روز ایک لاکھ کے قریب افراد پنڈال پہنچے ،پنڈال کے داخلی وخارجی راستوں پر پولیس نے چیک پوسٹ قائم کررکھی ہیں جہاں مشکوک افراد کے قومی شناختی کارڈ چیک کرکے انکا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے۔