78

انٹری ٹیسٹ کے نتائج جاری کرنے کے احکامات

پشاور۔پشاورہائی کورٹ کے جسٹس قیصررشید اور جسٹس قلندرعلی خان پرمشتمل بنچ نے جامعہ پشاورکی انتظامیہ کو مختلف شعبوں میں داخلوں کے لئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے تحت میرٹ لسٹ جاری کرنے جبکہ ٹیسٹ سے رہ جانے والے طلباء کے لئے دوبارہ ٹیسٹ کے انعقاد کے احکامات جاری کردئیے ہیں عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے اس ضمن میں جاری کردہ حکم امتناعی بھی منسوخ کردیاہے ۔

فاضل بنچ نے گذشتہ روز پشاوریونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مختلف شعبوں میں داخلوں کے لئے لئے جانے والے ٹیسٹ کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کے انعقاد کے خلاف اوراسی نوعیت کی دیگررٹ درخواستوں کی سماعت کی عدالت عالیہ نے قبال ازیں ٹیسٹ کے نتائج روکنے کے احکامات جاری کئے تھے اورگذشتہ روز عدالت نے یونیورسٹی انتظامیہ کو میرٹ لسٹ جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

فاضل عدالت نے یونیورسٹی انتظامیہ کو لاء ڈیپارٹمنٹ کے انٹری ٹسٹ سے رہ جانے والے طلباء کیلئے دوبارہ ٹسٹ منعقد کرنے کے احکامات بھی جاری کئے اورہدایات جاری کیں کہ ان طلباء کے لئے ایک ہفتے کے اندر ٹیسٹ کاانعقاد کیاجائے اوربعدازاں ان طلباء کوبھی میرٹ لسٹ میں ایڈجسٹ کیاجائے ۔