105

گرلز کالجو ں کی تقریبات میں مرد حضرات کے داخلہ پرپابندی

پشاور۔مسلسل عوامی شکایات کے بعد وزیر اعلیٰ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے گرلز سکولوں و کالجو ں میں تقریبات میں مرد حضرات کے داخلہ پرپابندی عائد کرنے کی ہدایت کردی

مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے خیبرپختونخوا کے تمام گرلز سکولوں بشمول خواتین اسپورٹس مقابلوں کی تقریبات میں مرد حضرات کی بطور مہمان خصوصی دعوت یا شرکت پر پابندی لگا دی ہے۔

اس ضمن میں صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ گرلز سکولوں میں جتنی بھی تقریبات ہونگی اُن میں خواتین ایم پی ایز یا خواتین اعلیٰ افسران بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی اورگرلز سکولوں میں مرد حضرات کا داخلہ بند ہو گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ گرلز سکولوں کی تقریبات یا کسی پروگرام میں مرد حضرات کو بطور مہمان خصوصی مدعو نہ کیا جائے ۔انہوں نے مزیدکہاہے کہ گرلز سکولوں کے کسی پروگرام کو سوشل میڈیا پر بھی مشتہر نہ کیا جائے اورخواتین سکولوں میں ہر قسم کی تقریبات کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔