86

70ہزار والدین کا خسرہ ٹیکہ لگانے سے انکار

پشاور۔خیبر پختونخوا میں انسداد خسرہ کی جاری خصوصی مہم کے دوران اب تک پشاور سمیت صوبے کے 7 اضلاع میں 70ہزار 415والدین نے اپنے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے سے انکار کر دیا ٗ سب سے زیادہ کیسز پشاور سے سامنے آئے ہیں دیگر اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان ٗ لکی مروت ٗ ٹانک ٗ کرک ٗ مردان اور چارسدہ شامل ہیں ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں خسرہ کے کیسوں میں اضافہ اور ہلاکتوں کے پیش نظر 15اکتوبر سے12روزہ انسداد خسرہ کی خصوصی مہم شروع کی گئی مہم 27اکتوبر تک جاری رہے گی۔

اب تک صوبے کے 7اضلاع میں ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے جہاں پر 70ہزار 415والدین سے اپنے بچوں کو ٹیکے لگوانے سے انکار کیا ہے سب سے زیادہ پشاور میں 44ہزار 592والدین نے اپنے بچوں کو ٹیکے لگوانے سے انکار کیا ہے دیگر اضلاع میں ڈی آئی خان میں 6743ٗ ٹانک میں 3057ٗ کرک میں 2415ٗ مردان میں 2186اورچارسدہ میں 3212والدین نے اپنے بچوں کو ٹیکے لگوانے سے انکار کیا ہے۔

پولیو ٹیموں کے مطابق والدین میں آگاہی نہیں ہے اکثر والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹیکوں کا کورس مکمل کر لیا ہے اس لئے اب مزید ٹیکے لگوانے کی ضرورت نہیں جبکہ کچھ والدین کہتے ہیں کہ ان کے بچوں کو ایک مرتبہ خسرہ ہو چکا ہے اب زندگی بھر دوبارہ نہیں ہوگا اس لئے ٹیکے لگوانے کی کیا ضرورت ہے ۔