60

وفاقی محکمہ اطلاعات میں آتشزدگی کے باعث ریکارڈ جل گیا

اسلام آباد: ریسکیو اہلکاروں نے وفاقی محکمہ اطلاعات کی عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا ہے۔

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ(پی آئی ڈی) کی عمارت میں لگی آگ نے شدت اختیار کرلی جب کہ عمارت میں موجود ریکارڈ جل گیا۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کا عملہ فوراً موقع پر پہنچا، ریسکیو اہلکاروں نے تمام ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا، اور دو گھنٹوں کے آپریشن کے دوران آگ پر قابو پالیا۔ سیکریٹری انفارمیشن شفقت جلیل کا کہنا ہے کہ ابھی یہ بتانا مشکل ہے کہ آگ لگنے کے باعث کتنا ریکارڈ جل کر ضائع ہوا ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں ناقص اور فرسودہ نظام کی وجہ سے ایسے واقعات ہوتے ہیں، بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، اللہ کا شکر ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پی آئی ڈی کا ریکارڈ محفوظ ہے، تحقیقات کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے، پی آئی ڈی میں تمام ریکارڈ کی ڈیجٹلائزیشن ہورہی ہے۔