70

پولیس کو دھمکیاں دینے والی خاتون ڈاکٹر گرفتار

اسلام آباد۔ بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی میں ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش سے روکنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو دھمکیاں دینے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر شہلا شکیل سیٹھی کو پولیس نے اسلام آباد کی سرکاری ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا۔ذرائع کے مطابق شہلا شکیل سیٹھی امریکا میں ڈاکٹر رہی ہیں، جو حال ہی میں وطن آئی ہیں۔پولیس شہلا شکیل سیٹھی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرکے ان کے ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔ڈاکٹر شہلا شکیل پر کار سرکار میں مداخلت اور اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔

ان کے خلاف گزشتہ روز تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعے کی تفتیشی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ خاتون کے خلاف قانون کیمطابق کارروائی کی جائے، نئے پاکستان میں کوئی وی آئی پی نہیں، سب قانون کے تابع ہیں۔

وزیرمملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس ہمارا اپنا ادارہ ہے، حکومت فرض شناسی سے کام کرنے والوں کے ساتھ ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں بغیرنمبر پلیٹ والی کار میں سوار خاتون نے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور روکنے پرپولیس اہلکاروں کو دھمکیاں بھی دی تھیں۔