سری نگر۔غاصب و قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کر کے حاملہ خاتون کو شہید کر دیا، خاتون 5ماہ سے حاملہ تھیں، نا معلوم افراد کیجانب سے ضلع پلوامہ میں فوجی کیمپ پر ہینڈ گرنیڈ پھینکنے کے جواب میں فائرنگ کی جس کی زد میں آکر خاتون چل بسی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے حاملہ خاتون کو شہید کردیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے گزشتہ 3 روز کے دوران قابض فوج 9 کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے۔رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں چند نامعلوم افراد کی جانب سے قابض فوج کے کیمپ پر گرنیڈ پھینکا گیا جس کے جواب میں بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
فردوسہ اختر نامی خاتون بھارتی فوج کی فائرنگ کی زد میں آنے سے شدید زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں جب کہ وہ 5 ماہ کی حاملہ تھیں۔