62

افواج پاکستان ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں‘ صدر مملکت

رسالپور ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان نے دنیا میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، عالمی برادری کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں،ملکی دفاع کے لئے پاک افواج کو تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ 

جمعرات کو پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی‘ صدر مملکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔صدر مملکت عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تمام پاس آٹ کیڈٹس کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملکی کی ترقی کیلئے کیڈٹس کو تمام صلاحتیں بروئے کار لانی ہوں گی، فورسز کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی، انکو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کیڈٹس کی بہترین صلاحیتوں کا اظہار اعلی تربیت کا مظہر ہے، ہر حال میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بہترین انجام دہی آپ کا فرض ہے۔ قبل ازیں صدر عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 140 جی ڈی پی اور 86 انجینئرنگ کے کیڈٹس شریک تھے۔ تقریب میں 96 ایئر ڈیفنس اور 21 ایڈمن کورس کے کیڈٹس بھی شریک تھے۔

400 سے زائد کیڈٹس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شریک تھے۔ سعودی سفیر نواف المالکی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا گیا۔ صہیب احسن کو بہترین کیڈٹس کی ٹرافی سے نوازا گیا۔ بابر عبداﷲ کو بہترین ایئر ڈیفنس کی ٹرافی سے نوازا گیا۔ عبدالرحمن کو بہترین کیڈٹس انجینئرنگ کی ٹرافی دی گئی۔

ونگ انڈر آفیسر طلحہ حسیب کو بھی اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔ فرحان خالد اعوان کو بہترین فلائنگ جی ڈی پائلٹ کی ٹرافی دی گئی۔ ونگ انڈر آفیسر عبدالرحمن کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔ تمام کیڈٹس نے اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھایا۔