101

ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کی پوزیشن بہتر، فخر زمان سنچری بنانے میں ناکام

ابو ظہبی: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ مشکلات کا شکار ہے اور آدھی ٹیم 60 رنز سے قبل ہی پویلین لوٹ گئی تھی تاہم ایسے میں سرفراز احمد اور فخر زمان نے ٹیم کو 100 رنز سے زائد کی شراکت فراہم کی۔

شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کی ٹیم ابتدا میں ہی دباؤ کا شکار نظر آئی اور 5 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ مچل اسٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

تجربہ کار اظہر علی اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کی شراکت پر 52 رنز کا اضافہ کیا، تاہم اس کے بعد اسپنر نیتھن لیون نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے بغیر کوئی رنز دیے 57 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی، حارث سہیل، بابر اعظم اور اسد شفیق کو آؤٹ کردیا۔تجربہ کار کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور 100 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی۔

فخر زمان 94 رنز بنانے کے بعد گھبرائے ہوئے نظر آئے جس کا فائدہ آسٹریلین باؤلر نے اٹھایا اور انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان اور فاسٹ باؤلر میر حمزہ ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ میچ کے اسکواڈ سے امام الحق اور وہاب ریاض ٹیم سے باہر ہیں۔

ادھر آسٹریلیا نے کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور کپتان ٹم پین نے پہلے ٹیسٹ میچ کی ٹیم کو ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے 2 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو یقینی فتح سے دور کردیا تھا اور میچ ڈرا ہوگیا تھا۔