51

غداری کیس‘مشرف کا بیان ریکارڈ کرانے سے انکار

اسلام آباد۔سابق صدر پرویز مشرف نے سنگین غداری کیس میں وڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کر دیا، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل خود پیش ہو کر اپنے دفاع میں شواہد پیش کرنا چاہتے ہیں۔

جسٹس یاور علی کی سربراہی میں خصوصی عدالت میں سنگین غداری کیس کی سماعت ہوئی۔اس موقع پر پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے کہا پرویز مشرف علیل ہیں، وڈیو لنک پر بیان ریکارڈ نہیں کرانا چاہتے۔ جسٹس یاور علی نے استفسار کیا کیا پرویز مشرف کو کینسر کا عارضہ لاحق ہے۔ جس پر وکیل نے کہا موکل کو دل کا عارضہ ہے، وہ کہتے ہیں میں بزدل نہیں، وہ خود پیش ہو کر اپنے دفاع میں شواہد پیش کرنا چاہتے ہیں۔

استغاثہ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا پرویز مشرف نے عدالت کا 342 کا بیان ریکارڈ کرانے کا موقع ضائع کردیا ہے۔جسٹس یاور علی نے کہا بظاہر پرویز مشرف کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ پرانا ہے، قانون کے مطابق 342 کا بیان ریکارڈ ہونا ہے، کیا 342 کا بیان ریکارڈ کیے بغیر کیس کو چلایا جا سکتا ہے۔جسٹس یاور نے کہا ڈاکٹرز کو پرویز مشرف کی صحت کا دوبارہ جائزہ لینا تھا جس پر وکیل سلمان صفدر نے جواب دیا ابھی بھی میرے موکل کی صحت ویسی ہی ہے اور دل کے عارضہ کے ٹیسٹ تاحال کیے جا رہے ہیں۔