78

پشاور میں دیواروں پر وال چاکنگ پر پابندی عائد

پشاور۔پشاور میں کلین اینڈ گرین مہم کے حوالے سے صفائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور رواں ہفتے میں پشاور بھر میں سرکاری املاک و پلوں و دیواروں سے پوسٹرز/ وال چاکنگ/ بینرز کو ہٹایا جا ئے گا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے چوک سکندر پورہ میں قائم مونومنٹ و دیواروں سے پوسٹر ز و بینرز کو ہٹانے کا آغاز کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن ون اصلاح الدین، ٹی او آر ٹاؤن ون رحمان خٹک ،زونل منیجر ڈبلیو ایس ایس پی طارق عزیزسمیت دیگر افسران اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور سکندرپورہ کے علاقے سے بینرز اور پوسٹرز کو ہٹایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے میڈیا سے بات کر تے ہوئے تفصیلات سے آگا ہ کیا کہ پشاور میں کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں دیواروں و سرکاری املاک سے پوسٹرز و بینرز ہٹانے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور رواں ہفتے ضلعی انتظامیہ کے افسران کی نگرانی میں چاروں ٹاؤن اور پی ڈی اے کے علاقے میں ٹاؤن انتظامیہ، ڈبلیو ایس ایس پی اور پی ڈی اے کا سٹاف پوسٹرز اور بینرز اتارے گا اور دیواروں پر وال چاکنگ کو رنگ کر کے ختم کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ پشاور میں سرکاری املاک اور دیواروں پر پوسٹرز و بینرز لگانے اور وال چاکنگ کرنے پر دفعہ 144 کے تحت پابند ی عائد کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی کر نے والوں کے خلارف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جس میں قید و جرمانہ یا دونوں اور خلاف ورزی کر نے والے ادارے کو سیل بھی کیا جا ئے گا۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ پشاور کو خوبصورت بنانے میں ہمیں مل کر کام کر نا ہو گااور اس کے لیے کسی بھی جگہ پوسٹر / وال چاکنگ کی تصویر کھینچ کر ضلعی انتظامیہ کے وٹس ایپ نمبر 0336-5811119 پر بھیج دیں۔ جس پر ضروری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔