کابل۔اقوام متحدہ کے اعانتی مشن برائے افغانستان نے ایک تازہ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ فضائی حملوں میں افغانستان کی شہری آبادی کے ہلاک و زخمی ہونے والوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سال کے آغاز سے ستمبر کے آخر تک 8050شہری ہلاک و زخمی ہوئے، جن میں سے 2798ہلاک جبکہ 5252زخمی ہوئے۔سترہ برس کے تنازعے کے دوران گذشتہ پانچ برس شہری آبادی کے لیے مہلک ترین ثابت ہوئے۔ اس بات کا یو این اے ایم اے کے چارٹ سے پتا چلتا ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے مسلح تنازع میں شہری آبادی کے تحفظ سے متعلق سہ ماہی رپورٹ کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے زیادہ تر لوگ غیر ریاستی عناصر کے اقدامات کے نتیجے میں ہلاک و زخمی ہوئے، جن میں طالبان اور داعش شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملوں میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کے استعمال میں اضافہ ہوا، جب کہ یہ مواد تواتر سے اور ہلاکت خیزی کے اعتبار سے بہت ہی مہلک تھا۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ 65فی صد شہری ہلاکتیں جن کا الزام حکومت مخالف عناصر پر دھرا جاتا ہے، 35طالبان کی کارستانی ہے، جبکہ 25فی صد داعش صوبہ خوراسان دھڑیکا کام ہے، اور پانچ فی صد غیر شناخت شدہ حکومت مخالف عناصر کے ذمے ہے جس میں سے ایک فی صد سے بھی کم خودساختہ داعش/اسلام اسٹیٹ صوبہ خوراسان کا کام ہے۔ہلاک و زخمی ہونے والی شہری آبادی کے واقعات میں 29فی صد وہ ہیں جو لڑائی میں جتے ہوئے دھڑوں کے زمینی حربوں کا نتیجہ ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میدان جنگ میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کا سبب یہ ہوسکتا ہے کہ مختلف فریق نے شہری آبادی کو محفوظ بنانے کے لیے کوششیں کی ہیں، جن میں پیشگی انتباہ جاری کیا جانا شامل ہے۔جس صوبے میں سب سے زیادہ شہری ہلاک و زخمی ہوئے ہیں وہ ننگرہار ہے، جہاں داعش صوبہ خوراسان، جو داعش کی افغان شاخ ہے، اس کے اب بھی مضبوط ٹھکانے موجود ہیں۔ امریکی افواج کے لیے 2017 میں یہ صوبہ مہلک ترین ثابت ہوا۔