54

اسحاق ڈارجائیداد نیلامی کی رپورٹ عدالت میں پیش

اسلام آباد۔ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی کیلئے نیب نے پیشرفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی،رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اسلام آباد میں چھ ایکڑ اراضی کیس شروع ہونے سے پہلے ہی فروخت کردی، اسحاق ڈار کے بینکوں کی رقوم پنجاب حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔

دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی سے متعلق پیش رفت رپورٹ جمع کرادی، رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اسلام آباد میں چھ ایکڑ اراضی کیس شروع ہونے سے پہلے ہی فروخت کردی تاہم سابق وزیر خزانہ، ان کی بیوی اور بیٹے کے تین پلاٹوں کی قرقی سے متعلق تعمیلی رپورٹ بھی جمع کرادی گئی۔نیب نے اسحاق ڈار اور ان کمپنیوں کے اکانٹس میں 50 کروڑ 83 لاکھ روپے کی تفصیلات پنجاب حکومت کے حوالے کردیں۔

نیب حکام کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی گاڑیاں تحویل میں لینے کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا لیکن گاڑیاں موجود نہیں تھیں جبکہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے شئیرز کی قرقی سے متعلق ایس ای سی پی کی رپورٹ کا انتظار ہے رپورٹ ملنے کے بعد آئندہ سماعت پر عدالت کو پیش رفت سے آگاہ کردیا جائے گا۔