64

وزیرخزانہ کے اختیارات سمیت 6نکاتی ایجنڈے کی منظوری

اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیر خزانہ کے اختیارات، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس کی تعیناتی سمیت 6 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی گئی۔ 

جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیاجس کے بعد کابینہ نے ترکی کے تعاون سے نیشنل اسکل یونیورسٹی کے معاہدے کی توثیق کی،نجی ٹی وی کے مطا بق کابینہ نے پاکستان اور جاپان میں تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں ایم ایو یوز اور مانٹری اینڈ فسکل پالیسی بورڈ میں ممتاز معیشت دانوں کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی، مالیاتی پالیسی بورڈ میں نجی شعبے اور بیرون ملک سے پاکستانی ماہرین کی خدمات بھی لی جاسکیں گی۔

کابینہ نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس کے لیے میجر جنرل عارف کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جب کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو اقتصادی شعبوں میں تعیناتیوں کے اختیارات دینے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کو 100 روزہ پلان کے اہداف کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کے ہا ؤسنگ منصوبے سے متعلق ٹاسک فورس نے ابتدائی اقدامات سے کابینہ کو آگاہ کیا جب کہ وزیراعظم اس ماہ کے وسط میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے۔