پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں فتح تو حاصل نہ کر سکی لیکن پاکستانی باؤلرز نے ڈسپلن سے باؤلنگ کرتے ہوئے ایک منفرد ریکارڈ قائم کردیا۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 61 رنز سے شکست دی لیکن اس میچ میں پاکستانی باؤلرز نے ایک مرتبہ پھر نظم و ضبط سے باؤلنگ کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔
اس میچ میں پاکستانی باؤلرز نے سات وائیڈ سمیت دس ایکسٹراز دیے لیکن کوئی نوبال نہیں کی اور نیا قومی ریکارڈ بنا دیا۔
یہ پاکستان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستانی باؤلرز نے لگاتار ساتویں میچ میں کوئی نوبال نہ کی اور گرین شرٹس کی جانب سے آخری نوبال چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کی گئی ہے، پاکستان نے اس عرصے میں بغیر کوئی نوبال کیے ایک ہزار 786 گیندیں کیں۔
اس سے قبل پاکستان نے 1989 میں لگاتار چھ میچوں تک کوئی نوبال نہ کر کے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔