60

مسئلہ کشمیر‘ اقوام متحدہ نے پاکستان کی حمایت کر دی

نیویارک۔بھارت کو اقوام متحدہ میں سبکی کا سامنا کرنا پڑا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹرس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی موقف کی کھل کر حمایت کردی،دوطرفہ اختلافات کا خاتمہ پر امن اور مثبت مذاکرات کے ذریعے کیا جائے، دورہ بھارت میں امن اور بین الاقوامی ہم آہنگی بارے بات چیت کی جائے گی۔ 

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹرس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستانی موقف کی حمایت کردی۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ انھیں مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے پر امن خاتمے کے لیے مثبت مذاکرات کیے جائیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھارتی خبرایجنسی کو انٹرویو میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام مسائل کے پر امن حل کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ 

اپنے ٹویٹرپیغام میں انتونیو گوٹرس کا کہنا تھا وہ دورہ بھارت میں امن اور بین الاقوامی ہم آہنگی پر بات کریں گے۔واضح رہے کہ دو روز قبل نیویارک میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا تھا کہ بھارت سے کہا جائے کہ وہ مہم جوئی سے باز رہے، انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ خطے کے دیرپا امن کے لیے بھارت کو مذاکرات میں شامل کیا جائے۔