58

پرویز مشرف پر اسراربیماری میں مبتلا ہو گئے

اسلام آباد۔ سابق صدر پرویز مشرف پر اسراربیماری میں مبتلا ہو گئے اور تیزی سے کمزور ہونے لگے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پاکستان کے سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف ایک نامعلوم بیماری میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ تیزی سے کمزور ہو رہے ہیں اور اپنے خلاف غداری کیس کا سامنا کرنے کیلئے پاکستان واپس نہیں آسکتے۔

پرویز مشرف کی پارٹی اے پی ایم ایل کے سابق سربراہ ڈاکٹر محمد امجد نے سابق صدر کی بیماری سے متعلق بتایا کہ ہر 3 ماہ بعد انہیں لندن جاکر اپنی بیماری کا علاج کرانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر تھا جس کا علاج امریکا سے کروایا گیا لیکن اس وقت پرویز مشرف کا ایک اور بیماری کا علاج لندن سے ہورہا ہے اور اس بیماری کے لیے ہر 3 ماہ میں انہیں لندن جانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ساتھ رعایت ہونی چا ہئے ، وہ صرف اس شرط پر پاکستان آئیں گے کہ ان کا فری ٹرائل ہو اور انہیں علاج کی سہولت کے لئے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے پرویز مشرف کو عام انتخابات سے قبل پاکستان لانے کی کوشش کی تھی تاہم اس راستہ میں کئی رکاوٹیں ڈال دی گئیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ وکلا سے مشاورت ہورہی ہے کہ مشرف کو واپس کب اور کیسے آنا چاہئے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ عدالتوں میں پیش ہوں۔واضح رہے کہ سابق صدر مشرف پر 31 مارچ 2014 کو 3 نومبر 2007 میں آئین کو معطل کرنے پر فرد جرم عائد کیا گیا تھا تاہم وہ مارچ 2016 ء میں علاج کی غرض سے پاکستان سے دبئی چلے گئے اور پھر تاحال واپس نہیں آئے اور عدالتوں سے مفرور ہیں۔