80

وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی چیک پوسٹ سے فائرنگ

 اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی چیک پوسٹ سے فائرنگ کی گئی ہے۔

 وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر سول ہیلی کاپٹر پر لائن آف کنٹرول سے متصل پاکستانی گاوٴں تروڑی میں سفر کر رہے تھے، فاروق حیدر کا ہیلی کاپٹر لائن آف کنٹرول پر طے شدہ حد سے معمولی آگے چلا گیا کہ اسی دوران ہیلی کاپٹر پر بھارتی چیک پوسٹ سے فائر کیا گیا۔

ایل او سی پر تعینات دونوں ملکوں کی افواج کی جانب سے ایک دوسرے کو فضائی نقل و حرکت کی باقاعدہ اطلاع دی جاتی ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی فضائی نقل و حرکت کی بھی پیشگی اطلاع دی گئی تھی جب کہ ہیلی کاپٹر کا سفید رنگ ظاہر کرتا تھا کہ وہ سول ہیلی کاپٹر ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوج اور میڈیا نے پاکستان کے خلاف جارحیت کا جواز پیش کرتے ہوئے ہرزہ سرائی کی ہے کہ پاکستان سے آنے والا سفید سول ہیلی کاپٹر ایل او سی پار کرکے آیا جس پر بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں سے ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے بعد ہیلی کاپٹر واپس چلا گیا۔ اس حوالے سے بھارتی فوج نے ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے سول ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارت کی ہٹ دھرمیوں اور دہشتگردی کا پردہ چاک کیا۔