30

فیس بک پر عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے کون سے جھانسے عام ہیں؟

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک کو  پیغامات اور مصنوعات کی تشہیر و فروخت کیلئے ایک مقبول ذریعہ سمجھا جاتا ہے لیکن فیس بک کا ایک تاریک پہلو دھوکہ دہی، فراڈ واقعات اور غلط معلومات کا گڑھ ہونا بھی ہے۔

آن لائن ایپس پر بڑھتے فراڈ واقعات اور اُن کی انتباہی علامات کے حوالے سے آپ کا آگاہ رہنا ضروری ہے، ذیل میں دیے گئے نکات آپ کو اور آپ کے پیاروں کو آن لائن فراڈ سے محفوظ رہنے میں مدد دیں گے۔

جھوٹے بیماری کے بہانوں سے بھری پوسٹ

دھوکہ دہی کرنے والے افراد اکثر اپنے فائدے کے لیے خود یا پھر اپنے کسی پیارے کے جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، ساتھ ہی میڈیکل بلز کی ادائیگی کیلئے آپ سے مدد طلب کرتے ہیں۔

 ایسے افراد عطیات کیلئے کسی تھرڈ پارٹی ایپ کا یا پھر مختلف کانٹیکٹس نمبر ز کا سہارا لیتے ہیں لیکن یاد رکھیں ایسی  پوسٹس  پر دھوکہ دینے والوں کی  ایک لمبی فہرست پائی جاتی ہے۔

کلک بیٹس جھانسا

آن لائن فراڈ کرنے والے افراد’ لائیک فارمنگ‘ یا پھر ’کلک بیٹ اسکینڈل ‘کے ذریعے سوشل میڈیا صارفین کو دھوکہ دے سکتے ہیں۔

 دھوکہ باز ایسی پوسٹس تیار کرتے ہیں جس پر صارفین شدید جذباتی ردعمل کا اظہار کریں یا پھر آپ کو لائکس، تبصرے اور شیئرز کی صورت پرکشش تحائف کی آفر کی جاتی ہے لہٰذا بہتر ہے کہ ایسی پوسٹ کو دیکھ کر محتاط رہیں۔

تحائف کا جھانسا
فیس بک پر عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے کون سے جھانسے عام ہیں؟

فوٹو فائل

مثال کے طور پر آپ کو فیس بک پر ایک پوسٹ نظر آتی ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ  فری آئی پیڈ کے حصول کیلئے سائن اپ کریں لیکن ایسے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں کیوں کہ آن لائن فراڈیے صارفین کو جھوٹے تحائف دے کر ان کی ذاتی معلومات یا پھر مختلف لنک کلکس کے ذریعے ان کے موبائل فون یا کمپیوٹر پر وائرس ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں، یہ فراڈیے فیس بک کے ساتھ ساتھ انسٹاگرام پر بھی بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔

فیس بک کوئز کا جھانسا

مختلف فیس بک کوئز صارفین کی ذہنی اور جذباتی سوچ کو مد نظر رکھ کر تیار کی جاتی ہیں تاکہ ان کوئز کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات حاصل کرکے ان کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی جاسکے۔

ڈیٹا رسک سروسز فرم سائبر اسکاؤٹ کے بانی  ایڈم لیون کے مطابق کچھ’فیس بک کوئزز  میں آپ کے پروفائل تک رسائی کیلئے آپ سے ذاتی معلومات کے سوال پوچھے جاتے  ہیں مثلاً "آپ کی والدہ کے نام کا پہلا لفظ کیا ہے؟" ایسے سوالات ہیکرز کو آپ کے پاس ورڈز تک رسائی میں مدد دیتے ہیں لہٰذا ایسے کوئز سے اجتناب بہتر ہے‘۔

جعلی پیغامات اور جعلی آئی ڈی کا جھانسا

فیس بک پر جعلی میسیجز آپ کو اپنے دوستوں کی آئی ڈی کے ذریعے بھی بھیجے جاسکتے ہیں لہٰذا ہر پوسٹ اور پیغام پر یقین نہ کریں اور کسی بھی پیغام پر دوست سے کسی اور ذریعے سے ضرور  رابطہ کریں۔

 دوسری جانب آن لائن فراڈیے دوسروں کی شناخت چُرا کر آپ سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں لہٰذا فیس بک پر اپنے جیسے اکاؤنٹ کے لیے اپنا نام تلاش کریں اور دوستوں سے پوچھیں کہ کیا انھیں آپ کے جیسے اکاؤنٹ سے کوئی ریکوئسٹ تو نہیں بھیجی گئی، اگر ایسا ہو تو ایسی پروفائلز کو فوری رپورٹ کریں۔