49

پاکستان کی جانب سے پیشرفت نہ ہونے پرمایوسی ہوئی،ایلس ویلز

نیویارک۔امریکی پرنسپل اسسٹنٹ ڈپٹی سیکرٹری برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان سے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس معاملے میں اب تک کوئی پیش رفت نہ ہونے پر صدر ٹرمپ کو مایوسی ہوئی۔ ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں ایلس ویلز نے کہا کہ امریکا کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی واشنگٹن میں ملاقات کے دوران مضبوط پارٹنر شپ کے لیے بنیادی نکتے پر بات ہوگی۔

ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ سب اہم مسئلہ یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کیسے بحال کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں اور امریکا تجارت اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ایلس ویلز نے اس موقع پر افغانستان میں امن و استحکام کے لیے تعمیری اور مل کر کام کرنے کی بھی ضرورت پر بھی زور دیا۔