75

خالد مقبول اور دیگر ایم کیوایم رہنما اشتہاری قرار

کراچی ۔انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیزی اور میڈیا ہاوس پر حملے سے متعلق کیس میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی سمیت کئی پارٹی رہنماوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیزی اور میڈیا ہاوس پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان، گل فراز خٹک سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے بانی ایم کیو ایم، وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد کو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا۔

جب کہ ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔عدالت نے ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی، مقدمے کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔