81

کھلاڑیوں کیلئے ضابطہ اخلاق مزید سخت کرنیکا اعلان

دبئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کیلئے بنایا گیا ضابطہ اخلاق مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق کھیل کے دوران چیٹنگ کرنے پر لیول 3 کا چارج لگے گا جبکہ اس سے قبل میچ کے دوران چیٹنگ پر پہلے لیول 2 کا چارچ لگتا تھا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ میچ کے دوران گالی دینے والا کھلاڑی بھی لیول 3 کا مرتکب ہوگا جب کہ غیر مہذب اشارہ یا جملہ کسنے اور امپائر کے فیصلے پر اعتراض پر لیول 1 کا اطلاق ہوگا۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ میچ میں بال ٹیمپرنگ کرنے والیکرکٹر پر لیول 2 کے بجائے لیول 3 لگے گا ٗلیول تھری کے ڈی میرٹس پوائنٹس 8 سے 12 ہوں گے۔آئی سی سی اعلامیے کے مطابق 12 ڈی میرٹ پوائنٹس پر6 ٹیسٹ یا 12 ون ڈے میچز کی پابندی لگ سکتی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق میچ ریفری لیول ون، ٹو اور تھری کی سزاؤں کا فیصلہ کرے گا ٗ لیول 4 میں چارجز اور اپیل کی سماعت جوڈیشل کمشنر کرے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے کوڈ آف کنڈکٹ کا اطلاق 30 ستمبر سے ہوگا۔ون لیول کے اطلاق پر کھلاڑی کو زیادہ سے زیادہ 50 فیصد تک میچ فیس کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق میں لیول 2 کے چارجز کا سامنا کرنے والے کھلاڑی کو 50 سے 10 فیصد میچ فیس کے جرمانے، ایک ٹیسٹ یا 2 ون ڈے میچوں کی پابندی جیسی دونوں یا کسی ایک سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔لیول تھری میں کسی بھی کھلاڑی پر 6 ٹیسٹ میچوں یا 12 ایک روزہ میچوں کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔آئی سی سی کی سب سے بڑی سزا لیول 4 میں آتی ہے اور اس میں کسی بھی کھلاڑی کو زندگی بھر کے لیے ٹیسٹ میچ کھیلنے پر پابندی یا کم از کم 20 ایک روزہ میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔