48

اسحاق ڈار کی قرق شدہ جائیداد کی تفصیلات احتساب عدالت میں پیش

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالت کی ہدایت پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کی تفصیلات پیش کردیں۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کی پاکستان میں موجود جائیداد فروخت کرنے سے متعلق نیب کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالتی حکم پر پراسیکیوٹر نیب نے اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کی تمام تفصیل جمع کرادیں جس کے مطابق سابق وزیرخزانہ کے دبئی میں 3 فلیٹس، گلبرگ لاہور میں ایک گھر اور اسلام آباد میں چار پلاٹس ہیں۔

نیب کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاس پاکستان میں 6 گاڑیاں ہیں جن میں لگژری گاڑیاں بھی شامل ہیں۔نیب نے عدالت کو بتایا کہ بیرون ملک تین کمپنیوں میں اسحاق ڈار شراکت دار بھی ہیں جب کہ میاں بیوی نے ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔

نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے سماعت شروع ہونے پر دلائل میں کہا کہ مقررہ وقت گزرنے تک اعتراض نہ آئے تو جائیداد فروخت کی جا سکتی ہے اور جائیداد قرق کرنے کے چھ ماہ بعد تک ملزم عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔