41

جعلی دواؤں پر کنٹرول کیلئے نظامت کے قیام کی منظوری

پشاور۔خیبرپختونخوا حکومت نے جعلی دواؤں پرکنٹرول کے لیے ملک کا پہلا ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز کے قیام کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ سوات میں فوجی چھاؤنی بنانے کے لیے 75کنال سے زائد سرکاری زمین پاک فوج کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے جس کی کابینہ نے منظور ی دے دی ہے جس کااجلا س گذشتہ روز وزیر اعلیٰ محمود خان کی صدارت میں ہوا۔

بعدازاں اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات کااعلان کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفئزئی نے سول آفیسرز میس میں پریس کانفرنس کہاکہ مذکورہ ڈائریکٹوریٹ کے قیام سے دوافروشوں کوکنٹرول کیاجاسکے گا اس سے پہلے جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے کوئی مؤثر نظام نہیں تھا مگر اب اس ڈائریکٹوریٹ کے قیام سے صورت حال کٹرول کرنے میں مددمل سکے گی۔

انہوں نے کہاکہ ملاکنڈ ڈویژن میں کافی قربانیوں کے بعد امن بحال ہواہے جس کے بعدعلاقہ میں چھاؤنی کاقیام وقت کی ضرورت تھا ا س مقصد کے لیے فوج کو درکارسرکاری زمین دینے کے لیے کابینہ نے متعلقہ قوانین میں نرمی کی منظوری دی انہوں نے کہاکہ نسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں مقدمات کی رفتار تیز کرنے کے لیے ہائی کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں مختلف ججوں کی تقرریوں و تبادلوں کی منظوری بھی دی گئی۔

اسی طرح صوبہ میں اغلا ط سے پاک قرآن مجید کی چھپائی کے لیے مزید دوپرنٹرز اورپبلشرز کی رجسٹریشن بھی کی گئی جبکہ ا س مقصد کے لیے علما ء کابورڈبھی بنادیاگیاہے جس کا کام اس پر نظرثانی کرناہوگا انہوں نے کہاکہ گذشتہ دور حکومت میں محکمہ جنگلات نے پن بجلی منافع سے جو دوارب روپے لیے تھے وہ اب واپس کیے جارہے ہیں اسی طرح 117مختلف کنٹریکٹرز کے حکومت کے ذمہ واجب الادا 2926ملین روپے بھی اب باقاعدہ پڑتال کے بعدجلدادا کیے جارہے ہیں۔

مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیرکے لیے فوری طور پر 387کنال اراضی خریدی جائے گی جس سے 84میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی انہوں نے کہاکہ احتسا ب کمیشن کے خاتمہ کے لیے معاملات کاجائز ہ لیاگیا اور کمیشن سے تمام ضروری معلومات مانگ لی گئی ہیں جس کے بعد اینٹی کرپشن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا ۔

اس بار حکمت عملی بھی تبدیل کی جارہی ہے جب تک ٹھوس سراغ نہیں ملتا زیر تفتیش کیسوں کی تفصیلات پوشید ہ رکھی جائیں گی تاکہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہونے پائے اسی طرح غور کرنے کے بعدفیصلہ کیاجائے گاکہ کونسے مقدمات نیب کے حوالہ کرنے ہیں اور کون سے اینٹی کرپشن کو دیئے جانے ہیں لیکن یہ طے ہے کہ کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہوچکا تھا۔

انہوں نے کہاکہ رائٹ ٹو سروسز کادائرہ کاربھی مزید وسیع کیاجارہاہے ان کاکہناتھاکہ پیرسے سوروزہ پلان پر ترتیب وا ر غور کاسلسلہ شروع کیاجارہاہے اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ خودتمام اجلاسو ں کی صدارت کریں گے افغان مہاجرین کو شہریت دینے کے حوالہ سے پالیسی مرکز بنائے گا انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت میں کوئی اختلاف نہیں اور تمام وزراء وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صوبہ کی تعمیر وترقی کے لیے پوری طرح سے کوشاں ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کے حوالہ سے تمام سابق وفاقی وزرائے خزانہ مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں انہوں نے وضاحت کی کہ وفاقی حکومت نے اشتہارات دینے کے لیے نہیں بلکہ اس کامواد ملاحظہ کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے