74

اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کریں گے ‘جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام کے لیے پاکستانی فوج اور قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ دہشت گردی کو قوم کی حمایت سے مکمل طور پر ختم کریں گے ۔

ملک کو درپیش چیلنجز کے لیے تمام اداروں کو کردار ادا کرنا ہو گا ۔پر امن ماحول معاشی اور سماجی ترقی کے لیے آرمی کو جو بھی کرناپڑا کرے گی۔ پاک فوج اقتصادی ترقی کے لیے ملک میں محفوظ ماحول فراہم کرے گی ۔ قوم کے تعاون سے دہشت گردی کو شکست دی جا سکتی ہے ۔ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ریاستی اداروں کی قومی سطح پر ہم آہنگی ضروری ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ائیر یونیورسٹی اسلام آباد میں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ’’ ریڈیکلائزیشن ، پرسپشنز ، حقائق اور چیلنجز آف کیمپس لائف ‘‘ میں سیکیورٹی آف پاکستان کے موضوع پر جامع خطاب کیا ۔ آرمی چیف نے اپنے خطاب میں ملکی سیکیورٹی صورتحال پر روشنی ڈالی اور خطہ اور پاکستان میں دیرپا امن کے حوالہ سے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔

قومی سلامتی کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطرہ سے نمٹنے کے لیے تمام ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ آرمی چیف نے عالمی سطح پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ اور پاکستان سے اس لعنت کے صفایا کے لیے اپنے عزم کو دہرایا ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آرمی پائیدار سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔

اپنے خطاب کے آخر میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور قوم نے ملک میں استحکام واپس لانے کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کی حمایت سے دہشت گردی پر موثر طور پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم ہمیں سروائیول سے ریوائیول کا مرحلہ سر کرنے کے لیے ہوشیار رہنا ہو گا اور درست راستہ پر چلنا ہو گا ۔ یونیورسٹی آمد پر ائیر چیف مارشل مجاید انور خان اور ائیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ائیر وائس مارشل ( ر ) فائز عامر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا ۔