66

اینٹی کرپشن کا ادارہ مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے،شوکت یوسفزئی

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ احتساب کمیشن کے خاتمے کے بعد اینٹی کرپشن کا ادارہ مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے سوات میں چھاونی کے قیام کے لئے پچھہتر کنال نو مرلے سرکاری اراضی بشمول انیس کنال چودہ مرلے جنگلی اراضی پاک فوج کو منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔ 

خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نئے ڈائریکٹریٹ آف ڈرگ کنٹرول بنانے کی منظوری دی گئی ہے، ڈائریکٹریٹ بننے کے بعد ڈرگ کے حوالے سے تمام امور کنٹرول میں ہوں گے،ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹریٹ ملک میں پہلی بار خیبرپختونخوا میں بن رہا ہے ۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ سابقہ قبائیلی علاقوں کے انضمام کا عمل مکمل ہونے تک پہلے سے رائج قوانین جاری رہیں گے،شوکت یوسفزئی کے مطابق کابینہ نے صوبے میں قرآن پاک کے پبلشرز اور پرنٹرز کی منظوری دی،ایک سو سترہ ترقیاتی منصوبوں کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے محکمہ خزانہ کو سپلمنٹری گرانٹ کی صورت میں 2926 ملین روپے کی فراہمی کی منظوری دے دی۔

سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق خود مختار تدریسی اسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز کی ازسرنو تشکیل کے لیے سرچ اینڈ نامنیشن کمیٹی کے تین غیر سرکاری ممبران کی تقرری کی منظوری دی ہے،شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ احتساب کمیشن کے خاتمے کے بعد اینٹی کرپشن کا ادارہ مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔