87

جہانگیر ترین کی نااہلی برقرار: فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست خارج

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی نااہلی برقرار رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی اہلیت کے فیصلے کیخلاف فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست خارج کردی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی اور جہانگیر ترین کی نظرثانی درخواستوں کی سماعت کی۔

حنیف عباسی نے عمران خان کی اہلیت سے متعلق فیصلے پر فل کورٹ تشکیل دینے اور جہانگیر ترین نے اپنی نااہلی کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی تھی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر 15 دسمبر 2017 کو فیصلہ سناتے ہوئے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کو اہل جب کہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا تھا۔ 

آج سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس پاکستان نے وکیل اکرم شیخ سے استفسار کیا کہ آپ کن گراؤنڈز پر چاہتے ہیں کہ فل کورٹ بیٹھے جس پر وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان نااہلیت کیس میں عدالت نے قرار دیا یہ کوئی "اسٹرکٹ لائبیلیٹی" کا کیس نہیں جبکہ پاناما بینچ نے اسی نوعیت کے کیس میں نواز شریف کو نااہل قرار دیا۔

اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نااہلیت کیس میں بینچ کے رکن نے کہا جو سوالات ہیں ان کے لیے فل کورٹ بنائی جائے جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے سوال کیا کہ 'کیا آپ اقلیتی فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں'۔