46

دیر میں پر اسرار بیماری نے 7 افراد کی جان لے لی

لوئر دیر۔لوئر دیر کے پہاڑی علاقے بریمکی میں پراسرار جان لیوا بیماری کی وباء پھیلنے کے بعد علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، بیماری کا اب تک صحیح تعین نہیں ہو سکا۔لوئر دیر کے علاقے بریمکی میں مبینہ طور پر پراسرار بیماری سے 7 افراد کی اموات کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔بیماری پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت لوئر دیر نے علاقے میں ٹیمیں بھجوادیں جہاں تین سو سے زائد افراد کے خون کے نمونے لیکر ٹیسٹ کیلئے بھجوادیئے گئے ہیں۔متاثرہ علاقے کا ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکر م اور ڈی ایچ او ڈاکٹر شوکت نے دورہ بھی کیا ہے۔

چکدرہ کیاسپتال میں ہنگامی طور پر اسپیشل وارڈ اور گاؤں میں ڈسپنسری قائم کی گئی ہے، جہاں24گھنٹے ڈاکٹر کی سہولت موجود ہو گی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے یہ پراسرار بیماری درجنوں افراد کی موت کی وجہ بن چکی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق ملیریا کے 4کیسز کے علاوہ اس علاقے میں کسی اور بیماری کی تشخیص نہیں ہوسکی ہے۔ماہرین کا کہنا ہیکہ اکثرمریض اسپتال پہنچتے پہنچتے مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہو جاتے ہیں اس لیے شعور اور آگہی مہم کے ساتھ بروقت علاج کو یقینی بنانا ضروری ہے۔