38

محروم طبقوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ،شہریار آفریدی

 

اسلام آباد۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ محروم طبقوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا نئے پاکستان میں امیر اور غریب کا فرق ختم کریں گے اسلام آباد کے دو موضعوں میں 33ہزار کنال زمین واگزار کرائی گئی جس کی مالیت 300ارب روپے سے زائد ہے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی وزیر اعظم خود نگرانی کر رہے ہیں قانون کو اپنی جاگیر سمجھنے والے نئے پاکستان کا پہلا ہدف ہیں ایجنڈا ایک ہی ہے کہ قبضہ مافیا خواہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اب قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دو مواضع میں 35ہزار کنال زمین واگزار کرائی گئی ہے۔

جس کی مالیت کم از کم 300ارب روپے بنتی ہے اس کے علاوہ G-12میں غیر قانونی طور پر 45سے 50کمرشل بلڈنگز، شادی ہال ، پلازے چوبیس چوبیس کنال پر بنائے گئے تھے لوگوں نے اپنی جاگیریں بنا رکھی تھیں ان کی مالیت تقریباً9ارب روپے ہے ان کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنیوالوں کو بھی عوام کے سامنے مثال بنائیں گے انشاء اللہ قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرنیوالوں کا بھی انجام قریب ہے نئے پاکستان میں امیر اور غریب کا فرق ختم کر کے دکھائیں گے میں بلیو ایریا میں سینٹورس کے قریب 10کنال کی زمین بھی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی ہے جس کی مالیت تقریباً 8سے 9ارب روپے بنتی ہے غریب لوگوں کے ساتھ روا رکھا گیا ظالمانہ ظلم و جبر ختم کر کے دم لیں گے واگزار کرائی گئی زمینوں کے پیسے کو غریب کے لیے استعمال کیا جائے گا متاثرین کو سہولتیں بہم پہنچانا ریاست کی ذمہ داری ہے اب کسی کو غریبوں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ہماری کاروائی بڑے بڑے مگرمچھوں کے خلاف ہے جو دوسروں کو حقیر سمجھتے ہیں کچی آبادیوں کے رہائشیوں کے لیے ہاؤسنگ سکیم ہماری ترجیح ہے کچی آبادیوں کے رہائشیوں کے ساتھ جو ظلم زیادتی کی گئی ہے ہمیں بطور پاکستان اس پر شرمندہ ہونا چاہیے ان کے ساتھ کیے گئے ظلم کی نفی کا نام نیا پاکستان ہے محروم طبقے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ان کو عزت دی جائے گی اور ان کی تمام جائز ضروریات کو پورا کیا جائے گا ہماری حکومت نے اسلام آباد کو ماڈل شہر بنانے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر من وعن عمل کرے گی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہیں میڈیا کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے میڈیا غیر قانون کام کی نشاندہی کرے کاروائی ہم کریں گے تجاوزات کے خلاف تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے میں پولیس کے ان تمام اہلکاروں سی ڈی اے کی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ کے تمام آفیسرز اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے دباؤ میں آئے بغیر قبضہ مافیا کے خلاف برسرپیکار ہیں حکومت اور وزیر اعظم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ان پر آئندہ بھی کوئی دباؤ نہیں آئے گا کوئی ٹرانسفر نہیں ہو گی کسی کی تذلیل نہیں ہو گی ہم آہستہ آہستہ اپنے مقصد کی طرف جا رہے ہیں۔

انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی اور ہم ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جو ہمارا مقصد ہے جس میں عام آدمی کی عزت ہو اور پاکستان کے باسیوں کا وقار بلند ہو امیر اور غریب کا فرق ختم ہو ریاست کے اندر ریاست بنانیوالوں کو عبرت بنا دیا جائے گا۔