92

خیبر پختونخوا میں کلین پاکستان مہم کیلئے حکمت عملی تیار

پشاور ۔خیبر پختونخوا میں صفائی وستھرائی کا معیار بہتر بنانے کے پیش نظر ’کلین پاکستان مومنٹ ‘ شروع ہورہی ہے جس کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے ٗذرائع کے مطابق ملک بھر میں کلین پاکستان مومنٹ 7 اکتوبر سے شروع ہورہی ہے۔

صوبائی وزیر برائے بلدیات و ترقی شہرام خان ٹاسک فورس کے سربراہ ہونگے فورس کے دیگر ممبران میں وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ ، وزیرزراعت محب اللہ خان ، وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان ، سیکرٹری بلدیات ، سیکرٹری ماحولیات ، سیکرٹری زراعت ، سیکرٹری ثانوی تعلیم،سیکرٹری اعلی تعلیم ، سیکرٹری صحت ، سیکرٹری آبپاشی اور سیکرٹری صنعت و تجارت شامل ہیں ۔

اس ٹاسک فورس کیلئے ضابطہ کار یعنی ٹرم آف ریفررنسز (ٹی او آرز) بھی تیار کرلئے گئے ہیں جن کے مطابق صوبے بھر کے شہریوں میں متعلقہ علاقوں میں صفائی بارے شعور اُجاگر کرنا ، کوڑا کرکٹ یعنی ہسپتالوں کے استعمال شدہ آلات اور مواد، زرعی مواد، کار،خانوں سے نکلنے والے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کیلئے منا سب طریقہ کار ترتیب دینا ، آلودہ پانی کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنا ، ہفتہ صفائی یا بین الاقوامی دن برائے صفائی کے موقع پر مختلف تقاریب کا اہتمام کرنا ، تعلیمی اداروں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا اور ابلاغ عامہ کیلئے صفائی سے متعلق آرٹیکل اور دیگر مواد تیار کرنا شامل ہیں ۔کلین پاکستان مومنٹ مہم کا مقصد صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانا ہے ۔