52

انتخابی اخراجات‘ وزیراعظم سمیت ارکان اسمبلی سے جواب طلب

اسلام آباد۔عام انتخابا ت میں اخراجات کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر 100 سے زائدارکان اسمبلی کونوٹس جاری کر تے ہوئے ایک ہفتہ میں جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق انتخابی اخراجات کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 96اورصوبائی اسمبلیوں کے 46ارکان کونوٹسزجاری کئے ہیں جن میں وزیراعظم عمران خان ،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کے علاوہ راجہ پرویزاشرف اورخواجہ آصف کے نام بھی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھاکہ انتخابی اخراجات کے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پرنوٹس جاری ہوااور انتخابی اخراجات کی دستاویزات میں مطابقت نہیں جبکہ ارکان اسمبلی نے تشہیری مہم کے دوران قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے۔

جس پر ارکان اسمبلی کونوٹس جاری کر تے ہوئے ایک ہفتہ میں جواب طلب کیا گیا ہے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ تشہیری مہم کیلئے پرنٹرزکانام اوررابطہ نمبرلکھناضروری ہے جبکہ جمع کرائی گئی رسیدوں کی بینک سٹیٹمنٹ کیساتھ مطابقت بھی ضروری ہے۔