54

ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی طے

پشاور۔خیبرپختونخواحکومت نے صوبہ بھر میں ماحولیاتی مسائل پر قابوپانے کے لیے حکمت عملی کی تیاری شروع کردی ہے تفصیلی تجاویز مرتب کرکے وزیر اعلیٰ سے منظوری لی جائے گی عملدرآمد کے لیے اضلاع کی سطح پرکمیٹیاں بنیں گی پشاور کی کمیٹی کی سربراہی خودوزیر ماحولیات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پشاور سمیت صوبہ بھر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے ،پانی کی قلت کے پیش نظر سروس سٹیشنوں کے لیے رولز بنانے کے ساتھ ساتھ پلاسٹک شاپنگ بیگز کے خلاف صوبہ گیر مہم بھی شر وع کی جائے گی سروس سٹیشنوں پر پانی کا بے تحاشہ استعما ل روکنے کے لیے میٹروں کی تنصیب سمیت پانی فلٹرکرکے استعمال کرنے کے لیے بھی تجاویز تیار کی جارہی ہیں۔

اس سلسلہ میں سروس سٹیشن مالکان کے ساتھ مشاورت بھی کی جائے گی اسی طرح شہری علاقوں میں قائم کرش مشینوں کو باہر نکالنے کے لیے بھی لائحہ عمل وضع کیاجارہاہے نہروں میں گرنے والے نکاسی آب کے تمام نالے بھی بند کرکے سیورج کانیا نظام لایاجائے گا ذرائع کے مطابق پلاسٹک شاپنگ بیگز کے خلاف بھرپور مہم دوبارہ شروع کرنے سے پہلے تیار کرنے اور فروخت کرنے والوں کو آخری مہلت دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ہسپتالوں کے فضلے کو مناسب طریقے ٹھکانے لگانے کو ممکن بنایاجائے گا پشاور میں ماحولیاتی مسائل پرقابو پانے اور پلاسٹک شاپنگ بیگز کے خلاف مہم چلانے کے لیے خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں وزیر ماحولیات کے علاوہ سیکرٹر ی ماحولیات ،سیکرٹری بلدیات ،سیکرٹری ماحولیات ،سی سی پی او پشاور ڈی سی پشاور بھی شامل ہونگے رابطہ پر تصدیق کرتے ہوئے صوبائی وزیر ماحولیات اشتیاق ارمڑ نے بتایاکہ صوبائی حکومت ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرے گی۔

تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کرحکمت عملی ترتیب دی جائے گی انہوں نے کہاکہ پلاسٹک بیگز پرپابندی کو مؤثر بنانے کے لیے جلددوبارہ مہم شروع کی جارہی ہے اور اس بار کسی کے ساتھ رعایت نہیں جائے گی اپنی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول دینے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے