63

سابق صدرنیشنل بینک کی برطرفی درست قرار

اسلام آباد۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد کی برطرفی کو درست قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کے الزام پر سعید احمد کو خود استعفی دینا چاہیے تھا،سعیداحمد کا منی لانڈرنگ کا ریفرنس زیرسماعت ہے توہائی کورٹ کیا کرے، سعیداحمد کے حق میں فیصلہ دیں توانصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

عدالت نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق سعید احمد کے خلاف ریفرنسز فائل ہیں، ان کے خلاف الزامات بھی دیکھے گئے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ سعید احمد پراسحاق ڈارکے لیے منی لانڈرنگ کرنے کا الزام تھا توخود استعفی دینا چاہیے تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سعیداحمد کا منی لانڈرنگ کا ریفرنس زیرسماعت ہے توہائی کورٹ کیا کرے، سعیداحمد کے حق میں فیصلہ دیں توانصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدرنیشنل بینک سعید احمد کی برطرفی کودرست قرار دے دیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی کابینہ کی جانب سے عہدے سے برطرف کیے جانے والے سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد نے برطرفی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کی تھی۔